رجعت

اہل تشیع میں ایک عقیدہ ہے کہ امام کو غسل و کفن امام ہی دیتا یے

اگرچہ یہ بنیادی عقائد میں شامل نہیں ہے مگر پھر بھی روایات کی وجہ سے یہ عقیدہ بنا ہے۔ جس امام کی بھی وفات ہوتی تھی تو ان کو دوسرا امام چاہے کتنی ہی دور کیوں نہ ہو یا قید و بند میں بھی ہو ، پھر بھی بااعجاز امامت آکر غسل و کفن دیتا تھا۔

اسکول کے زمانے میں میرے ذہن میں یہ خیال آیا کہ امام مہدی کا جب انتقال ہوگا یا وہ شہید ہونگے تو ان کو غسل و کفن کون دے گا؟

میں نے ایک زاکر سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ امام مہدی کو امام حسین غسل و کفن دیں گے۔ مجھے بڑی حیرت ہوئی کہ وہ تو زندہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ ائمہ کو حکومت نہیں ملی اور تمام ائمہ پر ظلم ہوئے یہاں تک کہ امام حسین اور ان کے گھر والوں کو کربلا میں شہید کردیا گیا اس وجہ سے اس ظلم کا بدلہ لینے کے لیے رجعت ہوگی۔ تمام امام باری باری حکومت کریں گے اور ظالموں سے انتقام لیں گے۔

پھر اسکول کے زمانے میں ہی میں نے کتاب “روحوں کا سفر” پڑھی جو ایک مولانا نے لکھی تھی۔ اس میں انہوں نے بتایا کہ حضرت عباس ابھی تک جنگی لباس میں ملبوس ہیں کیونکہ ان کو اپنے جوہر کربلا میں دکھانے کی اجازت نہیں ملی اس وجہ سے وہ بھی رجعت کا انتظار کررہے ہیں کہ کب وہ دوبارہ اٹھیں اور قاتلان امام حسین سے انتقام لیں۔

عجیب بات یہ ہے کہ اگر ان ظالم لوگوں سے لڑنا ہی ہے تو عالم بالا میں ہی ان کی صبح شام چھترول کریں۔ اس کے لیے دنیا میں آرماگیڈن برپا کرنے کی کیا ضرورت ہے؟

اگرچہ شیعہ علماء عقیدہ تناسخ کے قائل نہیں ہیں پھر بھی رجعت کا عقیدہ بعض بنیاد پرست علماء اور زاکروں کی وجہ سے شیعوں میں پایا جاتا یے۔

امام خمینی نے اپنی کتاب “معاد” میں رجعت کی جزئیات کی نفی کی ہے اور اسی طرح سے آیت اللہ فضل اللہ نے بھی رجعت کو باطل عقیدہ قرار دیا ہے۔

خیال یہ کیا جاتا ہے کہ اس طرح کی روایات شیعوں میں احساس محرومی کی وجہ سے در آئیں تھیں۔

اگر یہ کائنات ائمہ کے لیے خلق کی گئی ہے تو ظاہری طور پر اس کائنات کے سب سے محروم یافتہ طبقے میں اہل تشیع کے ائمہ کا شمار ہوتا ہے۔

اس کسک کو کم کرنے کے لیے رجعت کا عقیدہ دل پر تھوڑا بہت مرہم کا کام کرتا ہے کہ ایک نہ ایک دن ائمہ کی حکومت قائم ہوگی اور سارے ائمہ باری باری دنیا میں واپس آکر حکومت کریں گے۔

لیکن غسل و کفن کا مسئلہ اپنی جگہ پھر بھی کھڑا رہے گا اس لیے لامحالہ کسی ایک امام کو بغیر غسل و کفن کے رہنا ہوگا اور قیامت شاید اسی غم میں واقع ہوجائے گی۔

ابو جون رضا

3

7 thoughts on “رجعت”

  1. Narjis Yousuf Rizvi

    کیا رجعت سے مراد حضرت عیسٰی اور امام مہدی کا دنیا میں دوبارہ آنا نہیں ہوسکتا؟

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *